نئی دہلی، یکم مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) کانگریس کی طرف سے مرکزی وزیر پیوش گوئل پر مبینہ اسکینڈل کا الزام لگائے جانے کے بعد آج پارٹی صدر راہل گاندھی نے کہا کہ یہ’ جعل سازی اور مفادات کے تصادم ‘کا معاملہ ہے اور ایسے میں گوئل کو وزیرکے عہدے سے استعفی دے دینا چاہئے۔
غور طلب ہے کہ بی جے پی نے گوئل کے خلاف لگے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔راہل نے آج ٹویٹس میں الزام لگایاکہ پیوش گوئل 48 کروڑ روپے کا گھوٹالہ جعل سازی، مفادات کے تصادم اور لالچ کا معاملہ ہے۔ثبوت سب کے سامنے ہیں۔اس کے باوجود میڈیا اس کہانی کو نہیں بیان کرے گا۔انہوں نے کہاکہ گوئل کو استعفیٰ دینا چاہئے۔کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے 28 اپریل کو کچھ کاغذات عام کرکے الزام لگایا تھا کہ بجلی وزیر رہتے ہوئے گوئل نے اپنی کمپنی ایک نجی کارپوریٹ گروپ کو ایک ہزار گنا زیادہ قیمت پر فروخت اور اپنی جائیداد کی تفصیلات میں اس کا ذکر نہیں کیا۔بی جے پی نے ان کے الزام کو مسترد کیا ہے۔